Sports News

کھیل

September 23 2018 swat-post-calendar-asia-cup-pakistans-fourth-wicket-fell-on-165-runs

ایشیا کپ: پاکستان کی چوتھی وکٹ 165 رنز پر گر گئی

hello

دبئی: ایشیا کپ 2018 کے سپر 4 مرحلے کے تیسرے اور اہم  میچ میں پاکستان کی روائتی حریف بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ 

پاکستان کی چوتھی وکٹ  39ویں اوور میں 165 رنز کے مجموعے پر گر گئی، کپتان سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ انہوں نے شعیب ملک کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بناکر ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ دونوں کے درمیان شاندار شراکت کی بدولت پاکستان نے 39 اوور میں 165 رنز بنا لیے ہیں۔  شعیب ملک 65 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ 

ٹیم کے سینیئر بلے باز شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری کی بدولت پاکستانی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔انہوں نے 64 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے اس ایونٹ کی دوسری ففٹی اسکور کی انہوں نے اس سے قبل بھی بھارت کے خلاف ہے 50 رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کے اوپنرز نے ٹیم کو ایک محتاط آغاز فراہم کیا اور ٹیم کا اسکور 7 اوور کے اختتام پر 21 رنز بنائے تھے، تاہم 8ویں اوور میں امام الحق 10 رنز بنا کر یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کریز پر اپنا توازن کھو بیٹھے کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ بابر اعظم 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو اور یزویندرا چاہل ایک، ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ 16ویں اوور کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کے تین بلے باز آؤٹ ہوچکے جبکہ اس نے 58 رنز بنالیے تھے۔

سپر فور مرحلے کا تیسرا اور اہم میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ آج کے میچ میں جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کے آئندہ میچز کے نتائج پر انحصار کرے گی۔

گزشتہ میچ میں نہ کھیلنے والے شاداب خان اور محمد عامر پلینگ الیون کا حصہ ہیں۔ عثمان شنواری اور حارث سہیل آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بھارت کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

سپر فور مرحلے کی ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔ پاکستان اور بھارت نے سپر فور کے پہلے مرحلے میں افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایک ایک کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔

سپر فور اسٹیج میں آج دوسرا میچ افغانستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔

آج کے پاک بھارت میچ میں ہارنے والی ٹیم کو اپنا آئندہ میچ ناصرف جیتنا ہو گا بلکہ رن اوسط بھی بہتر رکھنی ہو گی۔ سپرفور مرحلہ کی چاروں ٹیموں نے آپس میں مقابلہ کرنا ہے جو دو ٹیمیں زیادہ پوائنٹس حاصل کریں وہی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلیں گی۔

ایشیا کپ کا فائنل مقابلہ 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ پہر ساڑھے چار بجے کھیلا جائے گا۔