Khabar Pakhtoon Khwa News

خیبر پختونخواہ

January 10 2019 swat-post-calendar-organizing-ceremony-split-prizes-at-kubli-tapo-shaheed-school-and-college

کبل، ٹیپو شہید سکول اینڈ کالج میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

hello

کانجو ( سید اصغر علی شا ہ )ٹیپو شہید سکول اینڈ کالج میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد۔پوزیشن لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ٹیپو شہید سکول اینڈ کالج گل جبہ کبل سوات میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیاگیاجس میں طلبہ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔تقریب سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقد کیاگیا۔تقریب کاآغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا۔جس کے بعد نعت اور نغموں کے علاوہ ادارے کے پرنسپل اور ڈائریکٹر نے خطاب بھی کئے۔خطاب کرتے ہوئے ٹیپو شہید سکول اینڈ کالج کے پرنسپل محمد عالم نے مہمانو ں کو خوش آمدید کہا اور ان کی اپنے بچوں کے ساتھ محنت اور کوششوں کو سراہا۔انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہم تین کے بجائے پانچ پوزیشن والے طلبہ کو انعامات دیتے ہیں۔جس سے طلبہ کو زیادہ سے زیادہ حوصلہ ملتاہے اور مزید بچے آگے آنے اور پوزیشن لینے کیلئے محنت کرتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیپو شہید سکول اینڈ کالج کے ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ نے کہا کہ ٹیپو شہید سکول اینڈ کالج کے قیام کا مقصد معاشرے کو باکردار اور باصلاحیت افراد کی فراہمی ہے جو معاشرے سے بداخلاقی، بدکرداری، کرپشن اور بے مقصدیت کا خاتمہ کرکے معاشرے کو ایک نئے اسلوب سے جلا بخشے۔ایسے افراد جو معاشرے اور وطن عزیز کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں کلیدی کردار اداکریں۔جو محض رسمی سیاست سے بالاتر ہوکر پاکستان کے قیام کے مقصد کولئے ایک عظیم ریاست کاقیام اپنا مقصدحیات بنالیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طبقہ ہے جس کے اندر نسل درنسل حکمران در حکمران پیداہورہے ہیں۔اور یہ لوگ حکومت کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔لیکن اصل میں وہ ہمارے اور ہمارے ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں۔اور عرصۂ دراز سے ہمیں لوٹ رہے ہیں۔اگر ایک چپڑاسی بھرتی ہوتاہے تواس کیلئے میٹرک لازمی ہے، اگر پولیس بھرتی ہوتاہے تو اس کیلئے ایف اے لازمی ہے، اگر بینک میں نوکری چاہئے تو اس کیلئے ڈگری ضروری ہے لیکن اگر کوئی ایم پی اے بنتاہے، اگر کوئی ایم این اے بنتاہے، اگر کوئی وزیر تعلیم بنتاہے،وزیر دفاع بنتا ہے یاپھر وزیر خزانہ بنتاہے تو اس کیلئے کوئی ڈگری درکار نہیں۔کوئی سرٹیفیکیٹ درکار نہیں۔اگر کسی پر تھانے میں کوئی کیس چارج ہوتاہے تو اس کیلئے قانون ہے کہ وہ سرکاری نوکری کیلئے نااہل ہے،لیکن اگر کوئی کرپشن پہ کرپشن کرڈالے،اگر کسی پر متعدد قتل،منشیات اور کرپشن کے کیس ہوں ،اور وہ سالہاسال بھی جیل کاٹ چکاہو تو اس کیلئے کوئی قید نہیں کہ وہ صدر بن جائے، وزیر اعظم بن جائے، گورنر اور وزیراعلیٰ بن جائے، وزیر یامشیر بن جائے اور پھر ایم پی اے یا ایم این اے بن جائے۔اگر قواعد و ضوابط ہیں تو وہ ہمارے لئے ۔لیکن جب تک ہم نے اپنے آپ کو پہچانا نہیں ہے اور ملک کی باگ ڈور خود سنبھالنے کیلئے تگ ودو شروع نہیں کی ہے، تب تک ہم اس چکی میں پستے رہیں گے۔انہوں نے والدین سے التماساًً کہا کہ اپنے بچوں کو وقت دیں اور بچوں میں معاشرے کا کارآمد اور باصلاحیت افراد بننے کیلئے شعور اور احساس پیدا کریں۔تقریب میں پوزیشن لینے والے بچوں کو انعامات دئے گئے اور تقریب کا اختتام دعا سے کیاگیا۔